جنرل سلیمانی کے قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
ایران نے عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قاتلوں کو جلد از جلد انکے کیفر کردار تک پہنچائے۔
فارس نیوز کے مطابق ایران کے انسانی حقوق ہیڈ کوارٹر کے سیکرٹری اور ایرانی عدلیہ کے بین الاقوامی امور کے نائب سربراہ کاظم غریب نے عراق کی وزارت انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث افراد کا پتہ لگا کر انہیں انکے انجام تک پہنچایا جائے۔
غریب آبادی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ عراق کے وزیر انصاف کے ساتھ ملاقات میں جنرل قاسم سلیمانی اور انکے ساتھیوں کے قتل کے ذمہ داروں کی پہچان اور انکے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے اور اس حوالے سے ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس ملاقات میں ایران اور عراق کے مابین انسانی حقوق اور عدالتی امور میں مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کاظم غریب آبادی اب تک اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈ کوارٹر میں ایران کے نمائندے کے طور پر سرگرم عمل تھے جنہیں اب ایران کے انسانی حقوق ہیڈ کوارٹر کا سیکرٹری اور ایرانی عدلیہ کے بین الاقوامی امور کا نائب سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔