Oct ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے: ایران

اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرکے ناجائز صہیونی حکومت کو شام کیخلاف مسلسل جارحیت اور جولان پر قبضے کے خاتمے پر مجبور کرنا ہوگا۔

اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے "مشرق وسطی کی تبدیلیوں اور شام کے سیاسی مسائل" سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کے عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات اور ان کی دیگر ملکوں کیخلاف جارحیت، بین الاقوامی قوانین کیخلاف ورزی ہے اور وہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

اعلی ایرانی سفارتکار نے شام کی آئینی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے انعقاد کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے شامی امور مسٹر "گیر پیٹرسن" کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ کمیٹی کو کسی بیرونی مداخلت یا دباؤ کے بغیر اپنا کام جاری رکھنا ہوگا۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی سفارتکار نے مزید کہا کہ یقیناً کمیٹی کے کام کو مکمل کرنے کے لیے دیگر شعبوں میں بھی سنجیدہ کوششیں کی جانی چاہئیے، سب سے پہلے شام کے کچھ حصوں پر غیر ملکی افواج کا قبضہ ختم کرنا ہوگا اور تمام قابض اور بن بلائے غیر ملکی افواج کو بغیر کسی پیشگی شرط یا مزید تاخیر کے شام سے نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرکے ناجائز صہیونی حکومت کو شام کیخلاف مسلسل جارحیت اور جولان پر قبضے کے خاتمے پر مجبور کرنا ہوگا۔

ٹیگس