Nov ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات کی تاریخ کا اعلان

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات پھر سے شروع ہو رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری نے کل رات ٹوئیٹ میں یورپی یونین ایران کی خارجہ پالیسی کے سربراہ انریکہ مورا ( Enrique Mora) کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کے خاتمے کے مقصد سے ویانا مذاکرات 29 نومبر سے شروع ہوں گے۔

یورپی یونین نے بھی اسی حوالے سے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ویانا میں 29 نومبر سے مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے اور اجلاس کے شرکاء جوہری معاہدے پر موثر عمل در آمد کرانے کا جائزہ لیں گے۔

اس سے قبل امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیرجیک سلیوان نے کہا تھا کہ ایران کے تناظر میں ہماری بنیادی ترجیح اسے مذاکرات کی میز پر واپس لانا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کے یکطرفہ طور پر JCPOA یعنی ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد سے واشنگٹن ایران کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ماضی کی طرح ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام پر اپنی پریشانی بھی ظاہر کی۔

قابل ذکر ہے کہ بائیڈن انتظامیہ، ایران کے خلاف زیادہ دباؤ کی پالیسی کی ناکامی کو تسلیم کرنے کے باوجود، جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہے۔ دوسرے لفظوں میں بائیڈن انتظامیہ عملی طور پر ٹرمپ کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

ٹیگس