فرزند رسول امام حسن عسکری علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
آج ایران میں شہروں، قصبوں اور گاؤں میں لوگ مکانات، گلی، کوچوں اور شاہروہوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ مٹھائیاں تقسیم کرکے امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کی خوشی منا رہے ہیں۔
اسی مناسبت سے سبھی مقامات مقدسہ منجملہ مشہد میں امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مبارک، قم میں آپ کی ہمشیرہ حضرت فاطمہ معصومہ علیہا سلام کے روضہ اقدس، شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ شاہچراغ علیہ السلام کے مرقد مطہر، جبکہ تہران میں واقع حضرت عبد العظیم حسنی کی بارگاہ عالیہ میں زائرین کا ہجوم نظر آ رہا ہے۔
فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام 8 ربیع الثانی سنہ 232 ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ آپ ہی انسانیت کو ظلم و جور سے نجات دینے والے حضرت امام مہدی علیہ السلام کے پدر بزرگوار ہیں۔
حضرت امام مہدی علیہ السلام کی غیبت کے دور میں آپ نے مسلمانوں کی ذمہ داریوں کو بیان کر انہیں عصر غیبت کے لئے آمادہ کیا۔ آپ نے دین اسلام کی تحفظ اور اسے عام کرنے کے لئے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا۔
آپ نے چھے برس تک عہدہ امامت پر فائز رہے اور اس دوران عباسی خلفا معتز، مہتدی اور معتمد مسند خلافت پر قابض رہے۔
آخری زمانے میں انسانیت کو ظلم و جور سے نجات دینے والی ہستی فرزند حضرت امام مہدی علیہ السلام کا ظہور، اسلام کے سبھی مذاہب و مسالک کا عقیدہ ہے۔ اللہ کے آخری رسول حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ و آلہ و سلم کی حدیث کے مطابق، حضرت امام مہدی علیہ السلام اس وقت ظہور فرمائیں گے جب دنیا ظلم و جور سے بھر چکی ہوگی اور وہ ظلم و جور سے بھری دنیا میں عدل و انصاف کا پرچم لہرائیں گے اور ان کے ظہور پر زمین اپنی سینے میں نہاں نعمتوں کو اگل دے گی۔