Nov ۲۱, ۲۰۲۱ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈوز نے خلیج فارس میں ڈیزل کی اسمگلنگ کرنے والے ایک غیر ملکی تیل ٹینکر کو ضبط کر لیا ہے۔

ہرمزگان صوبے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کی 412 بریگیڈ کے کمانڈر کرنل احمد حاجیان نے سنیچر کو بتایا کہ یہ تیل ٹینکر غیر قانونی طریقے سے 1 لاکھ 50 ہزار لیٹر ڈیزل لے جا رہا تھا۔

کرنل حاجیان کا کہنا تھا کہ خفیہ نگرانی اور ایک زبردست آپریشن کے ذریعے ہماری بحریہ نے ملک کے آبی علاقے میں عملے کے گیارہ افراد کے ساتھ ایک غیر ملکی جہاز ضبط کر لیا۔

ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ تیل اسمگل کرنے والے ٹینکر کے عملے کو عدالتی کاروائی کے لئے مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا حالانکہ انہوں نے جہاز کا نام اور کرو ممبر کی شہریت کا اعلان نہیں کیا۔

انہوں نے ایران سے ایندھن کی اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا عزم دہرایا۔

اس سے پہلے اس مہینے کے آغاز میں ایران نے امریکا کی بحریہ کے ساتھ تصادم کے بعد بحیرہ عمان میں سوتھک نامی ایک ویتنامی ٹینکر ضبط کر لیا تھا۔

یہ ٹینکر امریکا کے استعمال میں تھا جسے ایرانی تیل کی چوری کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا، حالانکہ امریکا نے 2018 سے ایران کے تیل کی برآمدات پر یکطرفہ پابندیاں غیر قانونی طور پر عائد کر رکھی ہيں۔

ٹیگس