Nov ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
  • قومی مفادات کی تکمیل اور پابندیوں کا خاتمہ ویانا مذاکرات کا ایجنڈا: امیر عبدللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کا واضح اور شفاف موقف یہ ہے کہ مذاکرات کی میز پر اسکے مفادات کا حصول لازمی اور ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم ہونا ضروری ہے۔ یہ بات ایران کے وزیر خارجہ امیر عبد اللہیان نے کہی۔

حسین امیر عبد اللہیان نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب اپنے عہدے کے سو دن مکمل ہونے پر وزارت خارجہ میں انجام پانے والے امور کی ایک رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات کا ذکر کیا۔

وزیر خارجہ نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویانا میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کے مفادات کا حصول اور اس پر عائد تمام پابندیوں کا خاتمہ ایک لازمی امر ہے اور ہمیں امید ہے کہ مذاکرات میں اہم اور بنیادی قدم اٹھائے جا سکیں گے۔

یاد رہے کہ ایران اور گروپ چار جمع ایک کے مابین ویانا میں انتیس نومبر سے مذاکرات شروع ہو رہے ہیں۔ امریکی صدر جوبایڈن کا دعوا ہے کہ وہ ویانا مذاکرات کے ذریعے جامع ایٹمی معاہدے کی جانب اپنے ملک کی واپسی کی زمین ہموار کرنے کے خواہشمند ہیں۔

اب تک جامع ایٹمی معاہدے کی مکمل بحالی اور معاہدے میں امریکہ کی ممکنہ واپسی کو لے کر ویانا میں مذاکرات کے چھے دور انجام پا چکے ہیں جو تاحال امریکی من مانیوں کے باعث بے نتیجہ رہے ہیں۔

 

ٹیگس