یورپی ممالک اگرنیک نیتی کا مظاہرہ کریں تو اچھے سمجھوتے تک پہنچا جا سکتا ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں ایران کے وفد نے منطقی اور بھرپور طریقے سے ایران کے موقف کی وضاحت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللهیان نے کل رات ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایرانی وفد منطقی، مضبوط، ٹھوس اور نتیجہ خیز مذاکرات کی پیروی کررہا ہے اور ویانا مذاکرات ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کے دائرے میں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا رابطہ ایران کے مذاکرات کار علی باقری کنی سے برقرار ہے اور اگر یورپی ممالک نے نیک نیتی کا مظاہرہ کیا تو ایک اچھے سمجھوتے تک پہنچ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کیخلاف امریکہ کی غیرقانونی اور ظالمانہ پابندیوں کو اٹھانے کے مقصد سے ویانا مذاکرات پیر کے روز سے شروع ہوئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی مذاکرات کار اور ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی کی قیادت میں ایران کا ایک اعلی وفد ویانا کے دورے پر ہے، جہاں ایرانی وفد نے گروپ 1+4 کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات انجام دیئے ہیں ، روس اور چین کے وفود نے مذاکرات میں پیش کئے گئےایرانی وفد کے مطالبات کو منطقی اور منصفانہ قراردیا ہے۔
ویانا اجلاس میں چند وفود خاص طور پر روس اور چین کے وفود نے ایران کے مطالبات کو منطقی اور منصفانہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے اپنے مطالبات میں مشترکہ ایٹمی معاہدے کو توڑنے والی ہر مشکل کو دور کرنے پر زوردیا ہے۔ ایران نے اس اجلاس میں مطالبہ کیا ہے کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے کی روشنی میں امریکہ کو اپنی تمام ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کو ختم کرنا چاہیے۔ ایرانی وفد نے تاکید کی ہے کہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ ضروری ہے اور غیر قانونی پابندیوں کے خاتمہ کے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔