ویانا میں مذاکراتی وفود صیہونی وزیر اعظم کے تابعدار نہیں: سعید خطیب زادہ
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویانا میں مذاکراتکار وفود غاصب صیہونی وزیراعظم کے تابعدار نہیں ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ سے صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی ٹیلیفونی گفتگو اور ویانا میں جاری مذاکرات کا سلسلہ بند کئے جانے پر نفتالی بینیٹ کے مطالبے کے بارے میں لکھا ہے کہ ویانا مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت نے ایک بار پھر غاصب صیہونی حکومت کے کریہہ چہرے کو بے نقاب کر دیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی حکومت پر کہ جس کی بنیاد ہی قتل و غارتگری اور جنگ و جارحیت رہی ہے، کوئی تعجب نہیں اس لئے کہ غاصب صیہونی حکومت، مذاکرات کا مطلب ہی نہیں سمجھتی اور گفتگو کے عمل سے وہ عاجز ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ویانا مذاکرات کا عمل فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔