ویانا معاہدے تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں: ایران
ایران کے اعلی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ویانا میں معاہدے تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی مذاکرات کارعلی باقری کنی نے جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نشست میں ایران سمیت مختلف فریقوں نے مذاکرات کے مستقبل کے طریقہ کار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
علی باقری کنی نے کہا کہ اگر ویانا مذاکرات میں ضروری بنیادیں فراہم کی جائیں تو معاہدے تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے پہلے ہی اپنے موقف اور نظریات کی بنیاد پر مذاکرات کے راستے کا تعین کیا اور سنجیدگی سے مذاکراتی عمل میں شریک ہے۔
انہوں نے ارنا کے نمائندے کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا دیگر فریقین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشترکہ کمیشن کے آج کے اجلاس میں ایران کی تجاویز کا دستاویزی اور مدلل جواب فراہم کیا کہا کہ ورکنگ گروپس کے اجلاس میں اس مسئلے کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
باقری کنی نے کہا کہ مذاکرات کے تسلسل کیلئے دوسرے فریقوں کی جانب سے پختہ عزم سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے قریب آنا چاہتے ہیں۔