Dec ۱۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۶ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس ختم

ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ختم ہوگیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق، ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ایران اور چار جمع ایک گروپ کے وفود نے شرکت کی۔ یورپی یونین کے امورخارجہ کے ڈپٹی انچارج انریکے مورا نے اجلاس کے دوران پابندیوں کے خاتمے کے لیے ہونے والے اب تک کے مذاکرات کا جائزہ پیش کیا۔ ایران اور چار جمع ایک کے رکن ملکوں نے بھی اس بارے میں اپنے اپنے موقف پر روشنی ڈالی۔
کہا جا رہا ہے کہ ویانا میں پابندیوں کے خاتمے کے جاری مذاکرات میں شریک وفود ایک بار پھر ضروری صلاح و مشورے کی غرض سے اپنے اپنے ملکوں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔
اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بعض مغربی ملکوں کے حکام اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے ماحول بگاڑنے کی کوششوں کے باوجود ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان مشترکہ نکات پر مفاہمت ہوگئی۔
ویانا میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کی مفاہمت سے ایک نیا متن تیار کیا گیا ہے جس کو حتمی شکل دیئے جانے کے بعد اس پر آئندہ مذاکرات کئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق نئے متن کے بارے میں ویانا میں مذاکرات کا عمل دس روز کے وقفے کے بعد پھر شروع کیا جائے گا۔
ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے ویانا مذاکرات کا نیا دور انتیس نومبر سے شروع ہوا ہے۔

ٹیگس