Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا صیہونی حکام کو واضح پیغام

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے پیامبر اعظم (ص) فوجی مشقوں کو، صیہونی حکام کے لیے واضح پیغام کا حامل قرار دیا ہے۔

جنرل رمضان شریف نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیامبر اعظم (ص) فوجی مشقوں کے کامیاب انعقاد نے، اسلامی انقلاب اور ملت ایران کے دشمنوں خاص طور سے جعلی صیہونی حکومت کو واضح پیغام دے دیا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے واضح کیا کہ یہ مشقیں مسلح افواج کے جنرل ہیڈکوارٹر، خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر اور اعلی سیاسی اور سیکورٹی حکام کی ہم آہنگی اور نگرانی میں انجام دی گئیں۔

انہوں نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روحانیت، خلوص، حب اہلبیت (س)، فداکاری اور شجاعت ان کی اہم ترین خصوصیات تھیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی میدان جنگ کے نہ تھکنے والے مجاہد اور انتہائی ذہین کمانڈر تھے اور ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ وہ خود کو سرباز ولایت اور قوم کا خادم سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصیات نے  نہ صرف ایرانیوں بلکہ دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں کو جنرل قاسم سلیمانی کا گرویدہ بنادیا ہے۔

ٹیگس