شہید قاسم سلیمانی کے قتل کی تحقیقاتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس بغداد میں
بغداد میں شہید جنرل سلیمانی کے قتل کے معاملے کی تحقیق کے لئے تیار کی گئی مشترکہ کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہونے والا ہے۔
ایرانی عدلیہ میں بین الاقوامی امور کے نائب اور انسانی حقوق کمیٹی کے سکریٹری کاظم غریب آبادی نے اس بات کی خبر دی ہے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا کیس باضابطہ طور پر شروع ہوگیا جس سے متعلق پہلی نشست 3 جنوری کو ہوئی جبکہ اس کمیٹی کی تیسری نشست فروری کے تیسرے ہفتے میں منعقد ہوگی۔
خیال رہے کہ ایران کی سپاہ قدس کے سابق کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر کو امریکی دہشتگردوں نے ایک فضائی حملہ کر کے بغداد میں شہید کر دیا تھا۔ شہید سلیمانی عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے۔
محاذ استقامت کے مذکورہ دو عظیم کمانڈروں کے قتل کا موضوع اس وقت ایران و عراق کی مشترکہ کوششوں سے آگے بڑھ رہا ہے جس میں ایک مشترکہ کمیٹی تمام تر قانونی گنجائشوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اُسے عالمی عدالتوں تک لے جانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس کیس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انکے وزیر خارجہ مائک پومپیو کو اصل مجرم قرار دیا گیا ہے جبکہ دیگر دسیوں ملزموں کے نام بھی کیس میں شامل ہیں۔
یہ بھی دیکھیئے: ویڈیو جس نے شہید قاسم کے قاتلوں اور انکے حامیوں پر لرزہ طاری کر دیا