Jan ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل فلسطین اور عرب علاقوں سے اسرائیلی قبضہ ختم کرائے، ایران کا مطالبہ

ایران نے سلامتی کونسل سے فلسطین اور دیگر عرب علاقوں سے اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے فلسطین کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکام کے وحشیانہ جرائم کی جانب عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مجید تخت روانچی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صورتحال مسلسل خراب ہے جو عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے سن دو ہزار اکیس کے دوران بھی، عورتوں اور بچوں سمیت بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام، ان کی املاک کو ضبط، گھروں کومنہدم کرنے اور جبری بے دخلی جیسی ظالمانہ اور توسیع پسندانہ پالیسی پر عملدرآمد کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے تمام اقدامات صرف مجرمانہ اور غیر قانونی ہی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

مجید تخت روانچی نے مزید کہا کہ اسرائیل، شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار کی بھی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور خطے کے دیگر ملکوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکیاں دے کر علاقے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اسرائیلی شرپسندانہ پالیسیوں اور عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ٹیگس