Feb ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی عراق اور جاپان کے وزراء خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ نے عراق اور جاپان کے وزراء خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔

ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے دونوں پڑوسی اور دوست ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے علاقائی بحرانوں اور یمن میں جنگ کے خاتمے پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ  ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں باہمی تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں عراقی وزیر خارجہ نے ویانا مذاکرات ، تہران- ریاض مذاکرات کو جاری رکھنے کی اہمیت اور خطے میں استحکام اور سلامتی کے مثبت اثرات پر زور دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسی طرح جاپان کے وزیر خارجہ یوشیماسا ہایاشی کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں ویانا مذاکرات کی پیشرفت میں تعاون کے لیے جاپان کے عزم اور آمادگی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک اچھے، مستحکم اور قابل اعتماد معاہدے تک پہنچنے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران  کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

ٹیلی فونی گفتگو کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور ویانا مذاکرات کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپانی وزیر خارجہ یوشیماسا ہایاشی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تاریخی اور انتہائی اہم قرار یا اور پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاہدے پر ویانا مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے تمام فریقوں کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کرنے اور معاہدے تک پہنچنے کے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے سنجیدہ اقدام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے  ایران اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات  کے فروغ کے لیے موجودہ صلاحیتوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کو ٹوکیو کے دورے کی دعوت دی۔

ٹیگس