Feb ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کے میزائل پروگرام اور خیبر شکن میزائل سے امریکہ پر خوف طاری

امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے ترجمان نے ایران کی دفاعی توانائی کے بارے میں بے بنیاد خوف و ہراس پھیلانے کی مہم جاری رکھتے ہوئے خیبر شکن میزائل کے ردعمل میں اعتراف کیا ہے کہ ہم نے مسلسل مشاہدہ کیا ہے کہ ایران نے اپنے بلسٹک میزائل پروگرام کو فروغ دیا ہے۔

ایران کے اسلامی انقلاب کی تینتالیسویں سالگرہ کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دور مار بیلسٹک اور ہدف کو نشانہ بنانے والے خیبر شکن میزائل کی رونمائی کی۔

امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس میں ایران کے خیبر شکن میزائل کی رونمائی پر اپنے ردعمل میں دعوی کیا ہے کہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایران میزائل پروگرام علاقے کے لئے کس حد تک خطرناک ہو سکتا ہے۔

پینٹاکون کے اس ترجمان نے دعوی کیا کہ علاقے میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے تاکہ اس قسم کے خطرے کا مقابلہ کیا جاسکے۔جان کربی کو جب ایران کے نئے میزائل کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالات کا سامنا کرنا پڑا تو انھوں نے جواب دیا کہ اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہنا چاہتے اس لئے کہ ابھی اس کی تفصیلات کا انھیں علم نہیں ہے۔

امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے اس عہدیدار نے ایران کے دفاعی پروگرام کے بارے میں دعوی کیا کہ بقول ان کے بدخواہوں کی سرگرمیوں نے علاقے کو غیر محفوظ بنا دیا ہے اور وہ پورے علاقے میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ مغربی ایشیا میں دہشت گرد گروہوں کی تشکیل میں امریکہ کا ہی ہاتھ ہے اور وہی ان گروہوں کی بھرپور ہمہ جہتی حمایت و مدد کر رہا ہے۔

یہی نہیں بلکہ امریکہ اسرائیل کے فوجی ایٹمی پروگرام کی بھی ہمیشہ حمایت کرتا رہا ہے جو پورے خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کی نائـب ترجمان الینا پورٹر نے بھی دعوی کیا ہے کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل پروگرام کی توسیع بین الاقوامی امن وسلامتی کے لئے خطرہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے مسئلے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

اس سے قبل علاقے میں امریکہ کی دہشت گرد مرکزی فوجی کمان، سینٹکام کے کمانڈر جان میکنزی نے بھی ایران کے دفاعی توانائی خاص طور سے میزائل توانائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے عراق میں امریکہ کے عین الاسد فوجی اڈے میں جس جگہ کو چاہا نشانہ بنایا۔

خیبر شکن میزائل سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا تیار کردہ تیسری نسل کا میزائل ہے جو انفرادی خصوصیات کا حامل ہے۔یہ میزائل جامد ایندھن سے چلتا ہے جو دیگر میزائلوں کے مقابلے میں چھے گنا جلدی آمادہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ میزائل چودہ سو پچاس کلو میٹر کے دائرے میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں نہایت تیز رفتاری سے عمل کرتا ہے۔مقامی سطح پر تیار کیا جانے والا خیبر شکن میزائل دفاعی شعبے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جاری کوششوں کا ایک اور مثالی نمونہ ہے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس