Feb ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران کی پالیسی دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے: صدر ایران

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران کی پالیسی اور عزم دوست ملکوں خاص طور سے عمان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر مبنی ہے۔

صدر ایران نے بدھ  کو تہران میں عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البو سعیدی سے ملاقات میں کہا کہ بلاشبہہ تہران اور مسقط کے معاملات دونوں ملکوں کے تعلقات میں استحکام اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل میں موثر واقع ہو سکتے ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی نے حکومت عمان کے مواقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے بعض ملکوں کے مقابلے میں عمان کے رویّے میں بہت فرق ہے اور فلسطین، یمن اور علاقے کے مسائل کے بارے میں مسقط کا موقف اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے تہران اور مسقط کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم یہ بھی کہا کہ تجارتی و اقتصای شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو اور زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے عمان کے سلطان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے انہیں بھی تہران کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کی جانب سے پڑوسی ملکوں کی حمایت کی تعریف  کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ٹیگس