سپاہ پاسداران کے زیر زمین میزائل اور ڈرون مراکز کی رونمائی
یوم پاسداران کی آمد کے موقع پر سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کے ایئر و اسپیس ڈویژن نے دو نئے میزائل اور ڈرون مراکز کی رونمائی کرتے ہوئے انہیں فعال کر دیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مذکورہ دونوں دفاعی مراکز بلند و بالا پہاڑیوں کے درمیان واقع ہیں اور یہاں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور حملہ آور ڈرون سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔
ایران کے انقلابی نوجوانوں کی کاوشوں کے نتیجے میں تیار کیے جانے والے ان مراکز نے دشمنوں کی ہر جارحیت کے مقابلے میں ملک کو ایک محفوظ قلعے میں تبدیل کردیا ہے ۔ یہ پہلی بار ہے جب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے کسی بھی زیرزمین مرکز کی رونمائی کی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے میزائل اور ڈرون مرکز کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ائیرو اسپیس ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیر امیر علی حاجی زادے نے ملکی دفاع کے لیے اپنے ڈویژن کی جانب سے انجام پانے والے تازہ ترین اقدامات کی ایک رپورٹ بھی پیش کی۔