ایران اور آئی اے ای اے کے تعاون پر کسی کواثر انداز نہیں ہونا چاہئے، محمد اسلامی
ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ کسی بھی بااثر سیاسی گروہ یا لابی کو ایسے امور میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے کہ جس سے ایران کے ساتھ آئی اے ای اے کے تعاون یا رویے پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تکنیکی تعاون جاری رکھنے کے بارے میں ایرانی حکام سے گفتکو کے لئے ہفتے کے روز ایک وفد کے ہمراہ تہران کا دورہ کیا تھا۔
ایرانی حکام سے رافائل گروسی کی ملاقات و گفتگو کے بعد ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی اور آئی اے ای اے نے مسائل و موضزعات کے حل کے مقصد سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ اپنے درمیان تعاون و مذاکرات کا عمل تیز کرتے ہوئے اسے مضبوط بھی بنائیں گے۔
ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے تہران میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کے ساتھ ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس ملاقات میں رافائل گروسی کے اس سے قبل کے دورہ تہران میں باقی بچے مسائل اور ویانا میں ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے حکام کے زیر بحث موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا اور یہ نتیجہ نکلا کہ ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان باقی بچے مسائل کے سلسلے میں آئںدہ تین ماہ میں ضروری دستاویزات کا تبادلہ انجام پائے گا اور مسائل کو حل کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے لئے یہ بات اہمیت رکھتی ہے کہ مسائل کو معمول کے رائج طریقے سے اور قوانین کے دائرے میں حل کیا جائے۔
ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا کہ کافی امید پیدا ہوئی ہے اس لئے کہ ان با اثر ذرائع کو جو دشمنوں نے ایران کی ترقی روکنے کے لئے استعمال کئے ہیں اور دشمنوں کی تخریبی کوششوں کو جس کا نمایاں نمونہ دہشت گردانہ اقدامات اور ایران کے جوہری سائنسدانوں کا قتل رہا ہے آئی اے ای اے کے سربراہ نے ان سب کی ماضی کی مانند مذمت کی ہے اور ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مفاہمت کی ایک نئی بنیاد پڑی ہے جس کی بنا پر ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو تیزی کے ساتھ جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
محمد اسلامی نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کو ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت اور اسے تیزی کےساتھ آگے بڑھانے میں تعاون کے ساتھ ساتھ اپنے قانونی فرائض پر بھرپور طریقے سے عمل کرنا ہو گا۔