Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۰۵:۲۵ Asia/Tehran
  • پورا ایران امام مہدی علیہ السلام کے یوم ولادت پر سراپا جشن و سرور

پوری انسانیت کو نجات دینے والے پیغمبر اسلام کے آخری جانشین حضرت امام مہدی علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت پر پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کا سما ہے۔

ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور گاؤں بالخصوص تہران، مشہد اور قم میں مسجدوں، سڑکوں اور گلیوں کو برقی قمقموں اور رنگ برنگے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ لوگ اس پر مسرت موقع پر مٹھائی، شربت وغیرہ تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک طرف جشن کی محفلیں ہو رہی ہیں تو  دوسری طرف مسجدوں و امام باڑوں میں لوگ نماز و عبادت میں بسر کر رہے ہیں۔

چودہ اور پندرہ شعبان کی درمیانی رات کو قم شہر کے مضافات میں واقع مسجد جمکران عقیدتمندوں سے لبریز نظر آئی، اس مبارک موقع پر فرزند رسول امام مہدی آخر الزماں علیہ السلام سے منسوب اس مسجد میں سال کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع منعقد ہوتا ہے۔ پورے ایران سے عوام مسجد جمکران پہونچنے کی کوشش کرتے ہیں۔  

تاریخ کے مطابق آج 15 شعبانسنہ 255 ہجری کو حضرت امام مہدی علیہ السلام عراق کے سامرا شہر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے پدر بزرگوار فرزند نبی اسلامی حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام اور والدہ گرامی حضرت نرجس خاتون ہیں۔

شیعہ عقیدے کے مطابق امام مہدی علیہ السلام نے ولادت کے بعد سے تقریبا پانچ سال کی عمر تک اپنے والد کی سرپرستی میں لوگوں کی نظروں سے دور زندگی گزاری، جس کی وجہ حاکم وقت کی طرف سے انکی جان کو لاحق خطرہ تھا۔ اپنے والد ماجد حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے بعد، امام مہدی علیہ السلام کی غیبت صغری سنہ 260 ہجری میں شروع ہوئی جو سنہ 329 ہجری قمری تک جاری رہی۔ اس دوران امام مہدی علیہ السلام اپنے 4 نائبین کے ذریعے عوام کے امور کی نگرانی فرماتے رہے۔ سنہ 329 سے غیبت کبری کا زمانہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔

اس مبارک موقع پر سحر عالمی نٹ ورک سبھی مسلمانان جہان کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے بارے میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی حدیث ہے کہ اگر دنیا کی عمر میں ایک دن بھی باقی ہوگا، تو خدا اس دن کو اتنا بڑا کر دے گا کہ میرا قائم ظہور کرے اور دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے۔

قابل ذکر ہے کہ صرف شیعہ یا مسلمانوں کے دوسرے فرقے ہی امام مہدی علیہ السلام کی آمد پر عقیدہ نہیں رکھتے بلکہ غیر مسلموں کی مذہبی کتابوں میں ایک ایسے منجی اور نجات دہندے کا ذکر ملتا ہے جو ایک دن آکر بشریت کو ظلم و جور سے نجات دلا کر عالمی سطح پر عدل و انصاف کا قیام کرے گا۔ مسلمانوں کے عقیے کی بنیاد پر وہ نجات دہندہ یہی فرزند پیغمبر امام مہدی علیہ السلام ہیں جنکے یوم ولادت با سعادت کی خوشی آج پوری دنیا میں منائی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ایران اور بعض ممالک میں آج بروز جمعہ جبکہ عراق، ہندوستان اور پاکستان میں کل بروز ہفتہ نیمۂ شعبان ہے۔

 

 

ٹیگس