نوروز، کروڑوں افراد کا ایک قدیمی و روایتی تہوار
نوروز ایک قدیم اور تاریخی تہوار ہے جسے ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک خاص طور سے فارسی بولنے والی اقوام مناتی ہیں۔
نوروز ایرانی سال کا آغاز، بہار کی آمد، فطرت اور قدرت کے حسن کا جشن ہے جو اسلام سے پہلے بھی رائج تھا۔ نوروز کا دوسرا نام زندگی میں امید واعتدال، امن، دوستی اور انسانی وقار کا اظہار ہے اور ایرانی عوام عید نوروز کا جشن دھوم دھام سے مناتے ہیں۔
نوروز فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی نیا دن ہے۔ تحویل سال کے ابتدائی لمحات کا آغاز ایرانی عوام دعائے تحویل سال پڑہنے سے کرتے ہیں "یا مقلب القلوب و الابصار یا مدبرالیل و النهار یا محول الحول و الاحوال حول حالنا الی احسن الحال" ۔
ایران میں جشن نوروز کوروش اور ہخامنشی بادشاہوں کے زمانے میں بھی رائج تھا جنہوں نے اسے باقاعدہ طور پر قومی جشن قرار دیا تھا۔
ایرانی قوم نوروز کو سال کے بڑے تہوار کے طور پر مناتی ہے. نیا سال شروع ہونے سے پہلے ہی لوگ اپنے گھروں کی صفائی شروع کر دیتے ہیں. اس کو ""خانہ تکانی"" کا نام دیا جاتا ہے. اس موقع پر لوگ ہر نئی چیز خریدنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
نوروز کی ایک دلچسپ رسم یہ ہے کہ لوگ سال کے آغاز پر اپنے گھروں میں ایک خصوصی دسترخوان بچھاتے ہیں جس پر سات مختلف اور مخصوص اشیاء رکھی جاتی ہیں جن کا نام حروف تہجی کے مطابق "س" سے شروع ہوتا ہے. اس رسم کو "ھفت سین " کا نام دیا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ سات اشیاء سیب، سبز گھاس، سرکہ، گندم سے تیار شدہ ایک غذا سمنو، ایک رسیلا پھل یا بیر(سنجد)، ایک سکہ اور لہسن (سیر) پر مشتمل ہوتی ہیں.
ہفت سین دسترخوان یا سین سے شروع ہونے والے سات کھانوں کے دسترخوان کو ایک تاریخی اہمیت حاصل ہے.یہ اشیاء زندگی میں سچ، انصاف، مثبت سوچ، اچھے عمل، خوش قسمتی، خوشحالی، سخاوت اور بقاء کی علامات ہیں۔
نوروز دنیا کے کم از کم 12 ممالک میں منایا جاتا ہے جن میں اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی، آذربائیجان، ہندوستان، پاکستان، ازبکستان، قرقزستان، قازقستان، افغانستان، ترکمنستان، تاجیکستان اور عراق شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکو نے نوروز کو دنیا کے غیر مادی ثقافتی ورثے کے طور پر درج کیا ہے۔
ایران میں لوگ جشن کے وقت پر ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے اور اس کے ساتھ آنے والے نئے سال میں سلامتی اور ترقی کی دعائیں کرتے ہیں۔
سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کو نئے ہجری شمسی سال، عید نوروز اور بہار کی آمد کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔