نوروزی تہذیب کے حامل ممالک کے نام صدر ایران کا پیغام
صدر ایران نے عید نوروز اور نئے ہجری شمسی سال کے موقع پر عید نوروز منانے والے ممالک کے سربراہوں کے نام علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات ارسال کئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے الگ الگ پیغامات میں نوروزی تہذیب کے حامل ممالک کے سربراہوں کو نوروز اور سال 1401 کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔
صدر ایران نے نوروزی تہذیب کے حامل ممالک کے سربراہوں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں نوروز کو ایک ایسی قیمتی تہذیب کی علامت قرار دیا ہے جو خدا کی عبادت، خاندانی مہر و محبت اور امن و آشتی کی غماضی کرتی ہے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس ثقافتی یکجہتی کی مضبوطی اور توسیع کو خطے اور دنیا کے تمام ممالک کے لیے امن کا ضامن سمجھتا ہے اور اس کے ذریعے تمام ممالک کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے۔
اس سے قبل صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے 15ویں صدی ہجری شمسی کو ایران اسلامی کی صدی اور ایرانی عوام کے تخلیقی کردار ادا کرنے کا وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال کو ہم سب کے لئے ترقی اور پیشرفت کا سال ہونا چاہئے۔
صدر ایران نے کہا کہ اس سال کا نوروز صدی کی تبدیلی کا سال ہے اور چودہویں صدی ایرانی قوم کے اسلامی انقلاب کی صدی تھی اور یہ انقلاب بلطف خدا تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ انشاء اللہ اگلی صدی عظیم منجی عالم بشریت کے ظہور کی صدی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چودہویں صدی وہ صدی ہے جس میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ایران کے مسلمان عوام کو سامراج اور آلۂ کار آمر و ڈکٹیٹر سے نجات دلائی اور مذہبی جمہوریت کی بنیاد رکھی۔
صدر ایران نے آخر میں امید ظاہر کی کہ نیا سال پوری دنیا سے کورونا کے خاتمے اور اسی طرح دنیا سے جنگ اور در بدری کے خاتمے کا سال ہو۔