افغانستان میں ایک جامع حکومت کی ضرورت ہے : صدر جمہوریہ رئیسی
ایران کے صدر نے کہا ہے کہ 40 لاکھ سے زائد افغانستان کے مہاجرین اسلامی جمہوریہ ایران کے مہمان ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کی رات مشہد مقدس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ یورپیوں نے افغانستان کے عوام کی امداد سے متعلق بہت سے دعوے کیے، لیکن اس سلسلے میں کوئی مدد فراہم نہیں کی، جبکہ ان یورپیوں کے برعکس جو افغانستان کے مسئلے کو صرف اپنی سیاسی خواہشات کے لیے آگے بڑھاتے ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران افغان پناہ گزینوں سے متعلق ذمہ داری کا احساس کرتا ہے اور آج 40 لاکھ سے زائد افغان اسلامی جمہوریہ ایران کے مہمان ہیں۔
ایران کے صدر نے کہا کہ آج افغانستان کے اندر جو بات اہم ہے وہ اس ملک میں تمام گروہوں اور نسلی گروہوں کی شراکت سے ایک جامع حکومت کا قیام ہے۔
انہوں نے خراسان رضوی میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے مسئلے سے متعلق کہا کہ ان شہریوں کی تعلیم، طرز زندگی اور روزگار ہمارے لیے اہم ہیں، لہٰذا مہاجرین کی تنظیم کے طور پر ایک مرکزی طریقہ کار تشکیل دیا جائے گا اور اس تنظیم کے دفاتر خراسان رضوی اور دیگر صوبوں میں قائم کیے جائیں گے۔