حرم رضوی میں نامعلوم شخص کا تین علماء پر حملہ، ایک شہید، حملہ آور گرفتار +ویڈیو
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i403436-حرم_رضوی_میں_نامعلوم_شخص_کا_تین_علماء_پر_حملہ_ایک_شہید_حملہ_آور_گرفتار_ویڈیو
ایک نامعلوم فرد نے امام علی رضا علیہ السلام کے روضے کے اندر چاقو سے حملہ کر کے تین علما کو شہید و زخمی کر دیا۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Apr ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran

ایک نامعلوم فرد نے امام علی رضا علیہ السلام کے روضے کے اندر چاقو سے حملہ کر کے تین علما کو شہید و زخمی کر دیا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق آج سہ پہر کے وقت ایک نامعلوم فرد نے ایران کے شہر مشہد مقدس میں واقع امام رضا علیہ السلام کے روضۂ مبارک کے اندر تین علما پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ آخری اطلاع کے مطابق اس حملے میں ایک عالم دین شہید اور دو زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تینوں علماء ایک فلاحی و تبلیغی گروپ کے رکن تھے جو مشہد مقدس کے مضافاتی علاقوں میں فلاحی، رفاہی اور تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

یہ حملہ روضۂ امام علی رضا علیہ السلام کے صحن پیغمبر اعظم (ص) میں ہوا۔ حجت الاسلام دارایی، حجت الاسلام پاکدامن اور حجت الاسلام اصلانی حملہ آور کا نشانہ بنے جس میں سے حجت الاسلام اصلانی نے جام شہادت نوش کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شہید ایران پر عراق کی جانب سے مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران بھی محاذ پر موجود رہے اور انہوں نے دفاع انقلاب و وطن میں جانفشانیاں کی ہیں۔

واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔