ایران و عراق کے سمجھوتوں پر عمل درآمد پر دونوں ملکوں کی تاکید
ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کے دائرے میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ تمام سمجھوتوں پر جلد سے جلد عمل درآمد پر زور دیا ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے اپنے ایرانی منصب حسین امیر عبد اللہیان سے ٹیلیفون پر گفتگو میں دونوں ملکوں کے دلچسپی کے مختلف مسائل منجملہ دو طرفہ تعلقات، علاقے کے حالات اور ویانا مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے ماہ مبارک رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے بحران یوکرین کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارتی طریقے پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے بھی عراق کے اندرونی حالات اور اپنے حالیہ دورہ ماسکو اور روسی وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات کی طرف اشارہ کیا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح دو طرفہ تعلقات کے دائرے میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ تمام سمجھوتوں پر جلد سے جلد عمل درآمد کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔