قابض اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی جد و جہد فطری حق ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے فلسطینی کاز کی حمایت پر زور دیتے ہوئے قابض اسرائیل کے خلاف نہتے فلسطینیوں کی جد و جہد کو جائز، واضح و فطری حق قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے جمعے کی شب ایک بیان میں، فلسطینیوں کی جد و جہد کو مقبوضہ قدس کے مقدس مقامات کے خلاف صیہونی حکومت کے بار بار توہین آمیز اقدام اور فلسطینی عوام کے خلاف اسکے مسلسل جرائم پر رد عمل سے تعبیر کیا۔
انہوں نے فلسطین کی مظلوم قوم کے خلاف نسل پرست صیہونی حکومت کی کھلم کھلا دہشتگردی اور اسی طرح اس حکومت کی طرف سے فلسطین کی مظلوم قوم کی روزانہ تحقیر، بڑے پیمانے پر محرومیت، نسل پرستی، سرکوبی، قتل عام اور قید کو مقبوضہ سرزمین میں ہر طرح کی بدامنی کی اصل وجہ قرار دیا۔
سعید خطیب زادہ نے ایک بار پھر فلسطینی کاز اور صیہونی چنگل سے اس سرزمین کی رہائی کے لئے جاری جد وجہد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دنیا کی سبھی قوموں، حکومتوں اور بین الاقوامی حلقوں سے اپیل کی کہ نسل پرست صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے اور اس کی دہشتگردی کے مقابلے میں اپنی حفاظت کے جائز حق کے اصول کی بنیاد پر فلسطینی عوام کو سکورٹی مہیا کرانے میں اپنی ذمہ داری پر عمل کرکے فلسطین میں صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم کو روکیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسئلہ فلسطین کے حل کے تعلق سے ایران کے اس موقف کو پھر دہرایا کہ فلسطین کے بحران کا صرف ایک راستہ، فلسطین کے اصل باشندوں کی شمولیت سے رفرنڈم کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی سرکشی، قوانین سے اسکے گریز اور عہد شکنی کی عادت کے مد نظر، فلسطینی قوم کے پاس صرف ایک راستہ مزاحمت کا بچتا ہے جسکے ذریعہ وہ اس حکومت سے قدس کی آزادی اور فلسطین کے مستقبل کے تعین کے ڈیموکریٹک حل کو منوا سکتی ہے۔