تیل کی اسمگلنگ کرنے والا غیر ملکی بحری جہاز ضبط
ایران کی سیکورٹی فورس نے ایندھن اسمگلنگ کرنے والے ایک غیر ملکی بحری جہاز کو خلیج فارس میں روک لیا ہے۔
ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے چیف پراسیکوٹر مجتبی قہرمانی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ غیر ملکی بحری جہاز کو عدالتی احکامات کے تحت روکا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک اسکواڈرن نے مذکورہ غیر ملکی تیل بردار بحری جہاز کے تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا یقین حاصل کرنے کے بعد ملکی عدلیہ سے لازمی احکامات صادر کرنے کی اپیل کی تھی۔ صوبائی چیف پراسیکیوٹر مجتبی قہرمانی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ غیر ملکی جہاز پر دو لاکھ بیس ہزار بیرل تیل لدا ہوا تھا، جسے غیر قانونی طور سے منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سپاہ پاسداران نے مذکورہ بحری جہاز کو ضبط کرلیا ہے اور عملے کے غیر ملکی ملازمین کو گرفتار کرکے قانونی مراحل کی تکمیل کے لیے عدلیہ کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ بحری جہاز کو تیل پہنچانے والی ایک ایرانی لانچ کو بھی ضبط اور اس کے تین ملاحوں کو حراست میں لے لینے کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔