مسجد الاقصی پر حملہ صیہونی حکومت کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے مسجد الاقصی پر خودساختہ صیہونی حکومت کے کارندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت زندہ ہے جبکہ صیہونیوں میں مایوسی ہے۔
انہوں نے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولت بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ہوئی ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اس بات میں شک نہیں کہ صیہونی حکومت اتنی کمزور ہو گئی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے قیام کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نےکہا کہ آج مزاحمت بہترین پوزیشن میں ہے جبکہ صیہونی دہشتگرد حکومت سب سے کمزور پوزیشن میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شرمناک حملہ کچھ عرب مسلم ملکوں کی اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے ذریعے فلسطینی کاز سے غداری کا نتیجہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کو مقبوضہ القدس شہر میں واقع مسجد الاقصی پر صیہونی دہشتگردوں کے حملے میں 150 سے زیادہ نمازی زخمی ہوگئے تھے۔
فلسطینی نیوز ایجنسی معا کے مطابق، یہ تشدد جمعے کو علی الصباح پھوٹ پڑا جب غاصب فورسز نے مراکش گیٹ سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور نمازیوں پر اندھا دھند ربر کی گولیاں اور ساؤنڈ بم فائر کرنا شروع کر دئے۔
اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے بھی فلسطینی کاز کے لئے ایران کی حمایت کی قدردانی کی۔