May ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان، ہندوستان، بنگلادیش اور سری لنکا میں 3 مئی کو عید

اسلامی جمہوریہ ایران، ہندوستان، پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں آج ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مرکزی ہلال کمیٹی اور رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر نے ماہ شوال کا چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی شام ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہذا دو مئی بروز پیر ماہ مبارک رمضان کی تیس تاریخ ہے اور بروز منگل عید ہوگی۔

ادھر پاکستانی میڈیا نے بھی ملک میں چاند نہ ہونے کی خبر دی ہے۔

پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد کی کوہسار عمارت میں ہوا جبکہ کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں آج مطلع صاف تھا، کسی بھی علاقے سے چاند کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی۔

ادھر میڈیا کے مطابق رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اس لیے عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو منائی جائے گی۔

دوسری جانب بنگلادیش میں بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں نہیں ملیں اور وہاں بھی عید 3 مئی بروز منگل کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سری لنکا میں بھی عید الفطر 3 مئی کو ہی منائی جائے گی۔

ملائیشیا، برونائی اور تھائی لینڈ میں ماہ شوال کا چاند نظر آگیا اور ان ممالک میں عید الفطر کل یعنی بروز پیر 2 مئی کو منائی جائے گی۔

ٹیگس