Apr ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کسی جنگ اور تصادم کا خواہاں نہیں,  اگر مسلمان آپس میں متحد ہو جائیں تو مظالم کو روک سکتے ہیں: ایرانی صدر

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کسی جنگ اور تصادم کا خواہاں نہیں ہے اور نہ ہی فوجی جوہری توانائی کا حصول اس کے دفاعی اور سلامتی ڈاکٹرائن میں کبھی شامل رہا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی جنگ اور تصادم کا خواہاں نہیں ہے اور نہ ہی غیرامن پسندانہ جوہری توانائی کا حصول اس کے دفاعی اور سلامتی ڈاکٹرائن میں کبھی شامل رہا۔ مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونی گفتگو کی اور سعودی فرمانروا، ولی عہد اور عوام کو عید سعید فطر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان مسلمانوں کے درمیان مشترکات کو یاد رکھنے کا بہترین موقع ہے۔

اسلامی ممالک ان مشترکات کو بنیاد بنا کر اپنے اتحاد کو مضبوط کرسکتے ہیں اور اس کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ اگر مسلمان آپس میں متحد ہو جائیں تو وہ فلسطین اور غزہ کے عوام سمیت دیگر مظلوم مسلم اقوام پر ہونے والے مظالم کو روک سکتے ہیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسلامی ممالک باہمی تعاون کے ذریعے اپنے خطے میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان نے مسلم ممالک کے اتحاد سے متعلق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے تعاون اور خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی ممالک متحد ہو جائیں تو وہ صہیونی حکومت کے مظالم کو روک سکتے ہیں اور خطے میں استحکام اور ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی جنگ و تصادم کا خواہاں نہیں رہا اور فوجی مقاصد کے لئے جوہری توانائی کا استعمال ایران کے دفاعی اور سلامتی نظریے میں کوئی جگہ نہیں رکھتا۔

ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں ہمیشہ سے عالمی معیارات اور اصولوں کے تحت رہی ہیں، اور ان کی مکمل جانچ کی جاسکتی ہے اور یہ کہ ایران، خطے میں کسی بھی تناؤ کو باہمی مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایران کسی ملک کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا، لیکن اپنی دفاعی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں آنے دے گا۔

گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ایران کے صدر اور عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور استحکام کے فروغ کے حوالے سے ایران کے مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے تسلسل سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔محمد بن سلمان نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، سعودی عرب اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے استحکام اور امن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب خطے میں کسی بھی تناؤ اور عدم استحکام کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

 

ٹیگس