May ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۴:۰۲ Asia/Tehran
  • اقرا قرآنی مقابلے میں پاکستانی قاریان کرام کی دھوم

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی سحر اردو ٹی وی پر حُسن تلاوت قرآن کا دلچسپ مقابلہ منعقد ہوا جس کے فائنل راؤنڈ میں پاکستان کے تین قاریان کرام نے پہلی سے تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔

سحر نیوز بیورو کے مطابق اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلے کا آغاز پروڈیوسر اور ڈائریکٹر مصطفیٰ روستایی کی نگرانی میں پہلی رمضان المبارک کو ہوا جو شبِ عید فطر تک جاری رہا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کی شب منعقد ہونے والے مقابلے کے دلچسپ اور فائنل راؤںڈ میں پاکستان کے تین قاری حضرات نے پہلی سے تیسری پوزیشن اپنے نام کی اور یوں بالترتیب دوہزار، ڈیرھ ہزار اور ایک ہزار یورو مالیت کی انعامی رقم کے حقدار قرار پائے۔ اس سے پہلے سیمی فائنل کا سلسلہ پانچ روز تک جاری رہا جو اتوار کی شب اختتام پذیر ہوا جس میں سب سے زیادہ پوائنٹس کے حامل تین قاری حضرات کو فائنل راؤنڈ میں شرکت کا موقع دیا گیا۔

پیر کی شب منعقد ہونے والے اقرأ بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پاکستان کے تین ممتاز قاری نعیم الرحمٰن، انعام الحق اور عبد الصمد لیاقت نے بالترتیب منتخب شدہ آیات کی تلاوت کی جسے مقابلے کے ججز نے چانجنے اور پرکھنے کے بعد پہلے سے تیسرے انعام کے حقدار قاریان کرام کا تعین کیا جس کے تحت قاری نعیم الرحمٰن پہلے انعام، قاری انعام الحق دوسرے انعام جبکہ قاری عبد الصمد لیاقت تیسرے انعام کے مستحق قرار پائے۔

خیال رہے کہ اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ عالم اردو بالخصوص برصغیر پاکستان و ہندوستان میں قرآنی ماحول سازی، امت اسلامیہ میں اتحاد و ہمدلی، قرآنیات کے میدان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ساتھ ہی نوجوانوں اور جوانوں کو قرآن کریم کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے گزشتہ برس سحر اردو ٹی وی کے ذریعے ماہ رمضان میں شروع ہوا جس کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہا۔

یہ قرآنی مقابلہ کُل تین حصوں کوائلیفائنگ، سیمی فائنل اور فائنل تین مرحلوں میں منعقد ہوا جس میں مختلف ممالک منجملہ ایران، افغانستان، پاکستان، ہندوستان اور برطانیہ سے مجموعاً 69 قاری حضرات شرکت کرنے میں کامیاب رہے۔ عالم اردو کے ممتاز اور نامور اساتذہ، قاری استاد سید صداقت علی (پاکستان)، قاری استاد محمد وجاہت رضا (پاکستان)، قاری استاد عزادار عباس خان (ہندوستان) اور حافظ سید مجتبیٰ رضوی (ہندوستان) نے ججمنٹ کے فرائض انجام دئے جبکہ میزبان کے طور پر سید باقر رضا کاظمی مقابلے میں موجود رہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ اقرا قرآنی پروگرام اپنی افادیت و اہمیت کے پیش نظر مختصر وقفے کے بعد پھر سے سال کے دوران آن ایئر کیا جائے گا۔

ٹیگس