Jun ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • دشمن کی نقل و حرکت ہماری نگاہوں سے پوشیدہ نہیں: ایرانی کمانڈر

ایران کے ایئر ڈیفنس سسٹم ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے کہا ہے مسلح افوج بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہیں اور دشمن کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ایران کی دفاعی طاقت نے دشمن کے اندازوں اور تخمیوں پر پانی پھیر دیا ہے اور مغربی ایشیا میں اسکی بالادستی کا خاتمہ کردیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ایران کی بری فوج کے ایئر ڈیفینس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے ایران کے مغربی ایئر ڈیفنس کور کے مختلف یونٹوں کا معائنہ کیا اور سینٹرل کور میں کمانڈروں کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ 
انہوں نے ایئر ڈیفینس یونٹوں کی کارکرگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ریڈار سسٹم، میزائل اور ڈرون طیارے ملک کے بیشتر علاقوں خاص طور سے خلیج فارس کی وسیع سمندری حدود میں دشمن کی تمام تر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بریگیڈیئرجنرل صباحی فرد نے ایران کے خلاف مغرب کی نفسیاتی جنگ کو اس کی کمزوری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایئر ڈیفنس نظام اس قسم کے پروپیگنڈے سے متاثر ہونے والا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بری فوج کے ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کی طاقت اور تسلط کے وجہ سے مغربی ایشیا میں دشمن کی بالادستی کمزور ہوئی ہے اور اس کے تمام عسکری اندازے اور تخمیے درھم برھم ہوگئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ ایئرڈیفنس ڈویژن ایران کی بری فوج کی چار ڈویژنوں میں سے ایک ہے اور ملک کی زمینی اور ‌فضائی سرحدوں کی نگرانی اور دفاع اس کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔
اسی دوران ایران کی شمال مغربی کور کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی حاجیلو نے کہا ہے ہم تمام بیرونی خطرات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور ہماری انیٹیلی جینس لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے ایران کی بری فوج کی توانائیوں اور صلاحیتوں کی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا دفاعی ڈھانچہ کسی دوسرے ملک کی کاپی نہیں بلکہ ملکی ضرورت اور تقاضوں کے مطابق، ہمارے ماہرین نے خود ڈیزائن کیا ہے۔ 
بریگیڈیئرجنرل علی حاجیلو نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کا ڈھانچہ ملک کی تمام تر اسٹریٹیجک ضرورتوں کو پورا کرنے کے قابل ہے۔ 

ٹیگس