Jun ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکی حکومت انسانی حقوق کی سب سے بڑی مخالف ہے : ایران

ایران نے اعلان کیا ہے امریکی حکومت نہ صرف یہ کہ انسانی حقوق کی حامی نہیں بلکہ سب سے زیادہ اس کی خلاف ورزی کرنے والی حکومت ہے

ایران میں ستائیس جون سے تین جولائی تک ہفتہ امریکی انسانی حقوق منایا جاتا ہے جس کا مقصد ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کے متعدد جرائم ومظالم کی یاد دلانا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اسی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی سرپرستی میں عالمی سامراج نے براہ راست اور بالواسطہ بہت سے جرائم کا ارتکاب کیا ۔

ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی عوام کے خلاف امریکی جرائم میں ستائیس جون انیس سو اکاسی میں رہبرانقلاب اسلامی پر ہونے والا ناکام قاتلانہ حملہ ، جمہوری اسلامی پارٹی کے دفتر میں بم دھماکا جو آیت اللہ بہشتی کی شہادت اور ایران کے بہتررہنماؤں اوراعلی شخصیات کی شہادت پر منتج ہوا ، سردشت میں کیمیاوی بمباری ، اوین جیل کے سربراہ شہید کچوئی کا قتل، شہر یزد کے امام جمعہ آیت اللہ صدوقی کی شہادت اور خلیج فارس میں ایران کے مسافربردار طیارے کو میزائل کا نشانہ بنانے کی دہشتگردانہ کارروائی کی جانب اشارہ کیا جا سکتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران ایک ایسا ملک ہے جس نے امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کئے جانے کی بنا پر سخت نقصان اٹھایا ہے ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ دشمنانہ پابندیاں ایران کے عوام کے قانونی اور فطری حقوق کو پامال کرنے کے ایک ایسے ہتھکنڈے میں تبدیل ہوگئی ہیں جس نے ایرانی عوام سے زندگی ، صحت و سلامتی ، مناسب معیار زندگی ، سائنس و ٹیکنالوجی ، ترقی و پیشرفت کا حق سلب کرلیا ہے اور اس سے خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملت ایران ، ایسی واحد قوم نہیں ہے جسے امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزی اور انسانی حقوق کے دہرے معیارات سے نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ دوسرے ممالک کے عوام انسانی حقوق بھی امریکہ اور اس کے ساتھیوں کی جارحیت کا شکار بن رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں اقلیتوں منجملہ مسلمانوں اور سیاہ فاموں کے حقوق کی پامالی ، امریکی ہتھیاروں سے یمن کے عوام پر روزانہ بمباری ، امریکہ کے ہاتھوں عراق میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کا بزدلانہ قتل واشنگٹن کے ذریعے دنیا میں انسانی حقوق کی پامالی کی دیگر مثالیں ہیں۔

ٹیگس