کشتی کے عالمی میدان میں ایرانی پہلوانوں کا زور برقرار
ایرانی پہلوانوں نے ایک بار پھر کشتی کے ایشیائی مقابلوں میں اپنی دھاک کو برقرار رکھتے ہوئے تین سونے اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
ارنا نیوز کے مطابق فری اسٹائل کشتی کی ایشیائی چیمپیئن شپ کے مقابلوں میں ابتدائی پانچ اوزان کی کیٹیگری میں ایران کے پہلوانوں نے تین سونے اور ایک چاندی کے تمغوں پر اپنا قضہ جما لیا۔ یہ مقابلے ہفتے کے روز بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقد ہوئے جس میں ایرانی پہلوانوں کا خاصا دبدبہ دیکھنے کو ملا۔
حسین محمد آقایی نے ستر، سبحان یاری نے اناسی اور امیر علی آذرپیرا نے ستانوے کلوگرام کی کیٹیگری میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر سونے کے تمغے اپنے نام کئے جبکہ رضا مومنی ستاون کلوگرام کی کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مقابلوں کے باقیماندہ پانچ اوزان کے مقابلے آج اتوار کو منعقد ہوں گے۔
اس سے قبل ایران کے پہلوان بچوں نے گریکو رومن کُشتی کے ایشیائی مقابلوں کی چیپمیئن شپ کو اپنے نام کر لیا۔ یہ مقابلے بھی گزشتہ ہفتےبحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقد ہوئے تھے۔