Jul ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
  • منیٰ میں شہید حاجیوں کی برسی، قائد انقلاب اسلامی اور مراجع کرام کے نمائندوں کی شرکت

سانحہ منی' کے شہداء کی برسی منی' میں منعقد ہوئی۔

شہدائے منیٰ کی یاد اور حجاج کرام کے خادموں کی قدردانی کے لئے منیٰ کی سرزمین پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ دوہزار پندرہ میں منیٰ کی سرزمین پر ایک ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں آل سعود کی بد انتظامی اور لاپرواہی کی بنا پر حج کے دوران دنیا بھر کے ہزاروں حاجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ان شہیدوں میں چار سو چونسٹھ حاجی ایران کے تھے۔

اس واقعے سے تیرہ روز قبل ۱۱ ستمبر ۲۰۱۵ کو بھی ایک اور المناک واقعہ مسجد الحرام میں رقم ہوا جس میں ایک کرین کے گرنے سے ۱۱۰ افراد شہید اور دو سو اڑتیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے میں بھی گیارہ ایرانی شہید ہوئے تھے۔

ارنا نیوز کے مطابق قائد انقلاب اسلامی کے دفتر بعثے کی جانب سے اتوار کی شب منیٰ کی سرزمین پر ایک خصوصی تعزیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدائے منیٰ کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ حجاج کرام کے خدمتگزاروں کی بھی قدردانی کی گئی۔

اس موقع پر حجاج کرام کے علاوہ امورِ حج میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام سید عبد الفتاح نواب، ادارۂ حج و زیارات کے سربراہ سید صادق حسینی، قم کے امام جمعہ آیت اللہ حسینی بوشہری اور مراجع کرام کے نمائندے بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ اس سال تقریبا ایک میلین فرزندان اسلام نے حج کی سعادت حاصل کی جن میں سے تقریبا چالیس ہزار ایرانی تھے۔ چودہ جولائی سے ایران کے حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

ٹیگس