ایران اور شنگھانی تعاون تنظیم کے درمیان تجارتی لین دین میں اضافہ
رواں سال موسم بہار کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے لیے ایران کی نان پیٹرولیم مصنوعات کی تجارت میں تیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
ایران کےمحکمہ کسٹم کے ترجمان سید روح اللہ لطیفی نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ رواں سال موسم بہار کے دوران ایران اور شنگھائی تعاون تنظیم کے گیارہ رکن ملکوں کے درمیان ایک کروڑ تئیس لاکھ چالیس ہزار ٹن نان پیٹرولیم اشیا کا تبادلہ عمل میں آیا جس کی مالیت تقریبا دس ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اعداد و شمار سے گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں انتیس فی صد اضافے کی نشاندھی ہوتی ہے۔
ایرانی کسٹم کے ترجمان نے مزید کہا کہ دس ارب ڈالر کے اس تجارتی لین دین میں ایران کی برآمدات کا میزانیہ بیس فی صد اضافے کے ساتھ پانچ ارب اکاون کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا ہے۔
روح اللہ لطیفی نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان چین، افغانستان، پاکستان، روس اور ازبکستان ایران کی برآمدات میں سرفہرست ہیں جبکہ قزاقستان، تاجکستان، کرغیزستان، بیلاروس اور منگولیا ہماری اگلی منزل ہیں ۔