ایرانی بحریہ کی طاقت میں مزید اضافہ
ایرانی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ جنگی بیڑوں کی اپ گریڈیشن اور ڈرون بردار بحری جہازوں کی شمولیت سے ہماری بحری طاقت میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
اتوار کو قومی ٹیلی ویژن پر گفتگو کرتے ہوئے بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج انواع و اقسام کے ڈرون طیاروں سے لیس ہیں اور سمندر میں کمبائن آپریشن کی انجام دہی کی توانائی رکھتی ہیں۔
ریئرایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ ہمارے دفاعی ماہرین کے تیار کردہ ڈرون طیارے بیک وقت کئی یونٹوں سے پرواز کرنے اور مقررہ حدود میں مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈرون طیارے سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کلومیٹر کی رینج میں دشمن کے اہداف اور پوزیشن کا پتہ لگا سکتے ہیں جس کے نتیجے میں ہمیں دشمن کی نقل و حرکت پر مکمل دسترسی حاصل ہے۔
ایرانی بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے بحری بیڑے دوہزار کلومیٹر کے حدود سے باہر تعینات ہیں اور ملکی جہاز رانی اور اقتصادی شہ رگ کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون بردار بحری جہازوں کی شمولیت کے بعد ہماری آپریشنل صلاحیت اور اس کی رینج میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلا ڈرون بردار بحری بیڑہ جمعے کے روز ، جنوبی ایران کے سمندروں میں ایرانی بحریہ کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ایرانی فوج کے چیف کمانڈر جنرل عبدالرحیم موسوی اور بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی بھی موجود تھے۔
ایران کا ڈرون بردار بحری بیڑہ سرفیس اور انڈر سرفیس یونٹوں پر مشتمل ہے اور یہ انواع و اقسام کے ڈرون طیارے لے جاسکتا ہے جن میں، جاسوسی اور ہتھیار بند دونوں قسم کے ڈرون شامل ہیں۔