Aug ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۲:۳۷ Asia/Tehran
  • اسرائیل کو غزہ پر حملے کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی ، جنرل سلامی

ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی فوج کے کمانڈر ، جنرل حسین سلامی نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ غزہ پٹی پر مسلسل بمباری کی اسرائيل کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی ۔

یہ بات جنرل سلامی نے اسلامی جہاد تنظیم کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ سے  ایران کے دار الحکومت تہران میں ہونے والی ایک ملاقات میں کہی ۔

بدھ کے روز تہران پہنچنے والے زیاد النخالہ نے ایران کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے جن میں صدر ابراہيم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان  اور قائد انقلاب کے مشیر علی اکبر ولایتی شامل ہیں ۔

          اسی دورے کے موقع پر اسرائيل نے غزہ کے خلاف جمعے کو فضائی حملے شروع کر دیئے جس کے بعد جوابی کارروائی میں اسلامی جہاد تنظیم نے راکٹ فائر کئے ۔

 جنرل سلامی نے کہا کہ اسرائيل ، غزہ  پٹی پر حالیہ حملوں کی بھاری قیمت ادا کرے گا اور ایران ، فلسطینی تنظیموں کی حمایت جاری رکھنے کا پابند ہے ۔

جنرل سلامی نے غزہ پر صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں اب تک دسیوں بے گناہ فلسطینی شہید ہوئے  ہیں ۔

جنرل سلامی نے فلسطین کے حالات کو ، اسرائیل کا زوال قرار دیا اور کہا کہ یہ اس کے خاتمے کی علامت ہے۔ جنرل سلامی نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جہاد سمیت فلسطین کی استقامتی تنظیمیں ، بڑی بڑی جنگوں کو سنبھالنے کی طاقت رکھتی ہيں ۔

          پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل سلامی نے اس ملاقات میں کہا کہ تل ابیب دھیرے دھیرے کچھ علاقائی  عرب ملکوں کی سمت بڑھ رہا ہے کیونکہ وہ امریکہ کی جانب سے اپنی حمایت میں ناکامی سے مایوس ہو چکا ہے ۔

اس ملاقات میں زیاد النخالہ نے کہا کہ فلسطینی تنظمیوں نے اچھی پیش قدمی کی ہے اور وہ اسرائيل کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی طاقت رکھتی ہیں ۔

 

ٹیگس