تاسوعائے حسینی کے موقع پر پورا ایران سوگوار، ہر طرف یا حسین کی صدائیں بلند
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینی کی عزاداری پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور کروڑوں عقیدت مند شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا رہے اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔
نو محرم کا دن جسے ایران اور عرب ممالک میں تاسوعائے حسینی کہا جاتا ہے، عربی زبان کے لفظ تسع سے ماخوذ ہے جس کے معنی نو اور نھم ہوتے ہیں۔
نو محرم سن 61 ہجری قمری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا، یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسولۖ پر پانی بند تھا۔ یہ خاندان رسولۖ پر انتہائی سخت دن تھا یہی وجہ ہے کہ محبان اہلبیت اطہار(ع) اس دن کو انتہائی غم و اندوہ کے ساتھ مناتے ہیں۔
نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینی (ع) کے موقع پر پورے ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران بھر میں ماتمی جلوس بر آمد ہو رہے ہیں اور عزاداری سید الشہدا کی جا رہی ہے۔
ایران بھر میں ہر طرف سیاہ پرچم لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ علم ابوالفضل العباس(ع) بلند ہے اور عزاداروں اور سوگواروں کی آہ و بکا کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ عزاداری سید الشہدا کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور جیسے جیسے شب عاشورا اور یوم عاشورا قریب آتا جا رہا ہے، عزاداروں کا جوش اور ولولہ بھی بڑھتا جارہا ہے اورعزاداری کا یہ پرجوش سلسلہ شام غریباں تک جاری رہے گا۔
ہر چند کہ آج عراق، پاکستان اور ہندوستان میں تاسوعائے حسینی نہیں ہے اور آٹھ محرم ہے لیکن عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں قیامت کا منظر ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں سوگواران مظلوم کربلا جمع ہوئے ہیں تاکہ اسی سرزمین پر اپنے وجود کا اعلان کرتے ہوئے امام مظلوم کربلا کا غم منائیں، جس سرزمین پر سنہ 61 ہجری قمری میں نواسۂ رسولۖ ہزاروں یزیدی فوجیوں کے نرغے میں گھرا ہوا تھا اور اعلان کریں کہ آج کربلا حضرت امام حسین(ع) کے چاہنے والوں سے مملو ہے۔ پورے عراق اور خاص طور سے مقدس شہروں کربلا و نجف اور کاظمین و سامرا کی فضا لبیک یاحسین کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے۔ ہرطرف نوحہ و ماتم کی آوازیں بلند ہیں۔
تاسوعائے حسینی کے غم و اندوہ بھرے اس موقع پر سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین اور عاشقان حسین (ع) کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔