محرم الحرام ہمیں مذہبی ہم آہنگی اور اخوت و محبت کا درس دیتا ہے: اہلسنت علماء
پاکستان کے اہلسنت علماء نے محرم الحرام کوسماج میں مذہبی ہم آہنگی اور اخوت و محبت پیدا کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ایام میں عوام کو آپسی بھائی چارے اور اخوت کی طرف دعوت دیں۔
پاکستان کے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے لاہور میں علماء سے گفتگو میں کہا ہے کہ ماہ محرم ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے ملکی استحکام کیلئے امن، وحدت اور باہمی احترام کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا اور کہا کہ مذہبی اور سیاسی قائدین باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد و بھائی چارے کو فروغ دیں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ ہمیں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی بجائے مذہبی ہم آہنگی اور اخوت اور محبت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تمام مذاہب و مسالک کے افراد سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام پر تحمل اور برداشت کا دامن کسی صورت نہ چھوڑیں اور باہمی اخوت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے حق اور باطل کو واضح کرنے کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دے کر رہتی دنیا تک مثال قائم کی، اس ماہ میں اہلبیتؑ نے دین اسلام کی خاطر عظیم قربانیاں دیں ۔
تحریک منہاج القرآن پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شان اہلبیت اطہارؑ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ نے فرمایا ہے کہ قیامت کے دن میرے حسب و نسب کے سوا ہر سلسلہ نسب منقطع ہو جائے گا“ یعنی ہر ایک کے نسب اور آل کو فنا ہے مگر نسب فاطمہ (ع) اور آلِ فاطمہ (ع) دائمی ہے کیوں کہ نسب فاطمہ نسب مصطفیؐ ہے اور آلِ فاطمہ، آلِ مصطفیؐ ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسن ؑ اور حضرت امام حسینؑ کا نبی کریم ؐ کے ساتھ رشتہ نانا اور نواسے کا ضرور ہے مگر حضور نبی اکرمؐ نے اس رشتے کی نوعیت بدل دی۔ حضرت فاطمۃ الزہرہ سے روایت ہے کہ آقاؐ نے فرمایا ”ہر ماں کی اولاد اپنے باپ کی طرف منسوب ہوتی ہے سوائے فاطمہ کی اولاد کے، پس میں ان کا ولی ہوں اور میں ان کا نسب ہوں“۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ نے فرمایا کہ میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں اگر آپ ان سے جڑے رہے تو گمراہ نہیں ہوں گے ان میں ایک قرآن اور ایک ان کے اہلبیتؑ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیتؑ حق ہیں وہ جس طرف ہوں گے حق بھی اُسی طرف ہو گا۔
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے واقعہ کربلا اور شہادتِ امام حسینؑ کے تناظر میں (بلا سبب) عقلی دلیلوں پر انحصار کرنے اور وسوسوں پر دھیان سینے سے پرہیز پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ حق ہیں اور یزید سراسر باطل ہے۔
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں علماء سے خطاب میں کہا کہ کرہ ارض کی عظیم شہادت، شہادتِ امام حسین ؑ کے حوالے سے ائمہ و محدثین کی یہ ثقہ رائے ہے کہ یہ حکمت الٰہی ہے کہ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کو بلند و ارفع مقام تک پہنچایا جائے تاکہ غلط اور فاسق اقتدار کیخلاف اعلان حق کی ایک زندہ نظیر باقی رہ جائے جو ہر دور میں اہل حق کیلئے فساد اور باطل اقتدار کیخلاف مزاحمت کیلئے فکری رہنمائی کا ذریعہ بن سکے۔ انہوں نے یزید کے اقتدار کو باطل اور فاشسٹ قرار دیا اور اسکے امام حسین علیہ السلام اور آپ کے انصار کی مزاحمت کو حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یزید کے باطل اقتدار اور اُس کے قاتلِ امام حسین ؑ ہونے کے حوالے سے ’’اگر مگر‘‘ کی باتیں خارجی تفکرات کی دین ہیں۔
علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہے اور اس ماہ میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کو وحدت، یگانت، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام ؑ نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔