ایران میں شب عاشور کی عزاداری اور مجالس عزا
اسلامی جمہوریہ ایران اور برصغیر پاک و ہند سمیت پوری دنیا میں نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کی عزاداری عروج پر پہنچ چکی ہے اور یہاں ایران اسلامی میں شب عاشور کی مجالس کا آغاز ہوگیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج اتوار کو دن بھر نو محرم الحرام کی مخصوص مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا اوراس وقت مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت پورے ملک میں شب عاشور کی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایران بھر میں کل یوم عاشورا منایا جائے گا۔
کربلائے معلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہم السلام کے روضہ ھای مبارک ، بین الحرمین اور اطراف کی سڑکیں ماتمی دستوں، زائرین اور عزاداروں سے مملو ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے بہت بڑی تعداد میں زائرین کربلائے معلی پہنچے ہیں جن میں ہندوستان اور پاکستان کے ہزاروں زائرین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اور ہندوستان میں آج آٹھ محرم کے مخصوص ماتمی دستے اور جلوس عزا برآمد ہوئے ۔
کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ، اور پشاور سمیت پاکستان کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں آٹھ محرم کے مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ہیں جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگئے۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں علمدارکربلا کی یاد میں عزاداری کا سلسلہ اس وقت بھی جاری ہے۔
ادھر ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، دہلی، لکھنؤ، پٹنہ اور کولکتہ سمیت ہندوستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے بھی آٹھ محرم کے مخصوص جلوس برآمد کئے گئے ۔ ہندوستان کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم کے ماتمی جلوسوں میں بہت بڑی تعداد میں غیر مسلم عزاداروں نے بھی شرکت کی۔