Aug ۱۰, ۲۰۲۲ ۲۲:۱۹ Asia/Tehran
  • حتمی فتح حق کی ہے: ایرانی کمانڈر

ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے سینئر کمانڈر جنرل علی فدوی نے کہا ہے کہ صیہونیوں اور ان کے حامیوں کو حق کے محاذ سے ڈرنا چاہیے کیونکہ حتمی فتح حق کی ہوتی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: تہران میں اسرائیل کے جرائم کے خلاف ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ پر حالیہ حملوں میں اسرائیل کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ صہیونی آہنی گنبدوں کی مدد سے اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیمنٹ کی دیواریں بنا کر اسرائیل کو حملوں سے بچانا چاہتے ہیں، حالانکہ ایک وقت میں ان کا دعویٰ تھا کہ دریائے نیل سے فرات تک کے علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کی منصوبہ بندی اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنرل فدوی نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سچ کی جیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام فلسطین کی حمایت کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسئلہ فلسطین عالم اسلام کی اہم ترین ترجیح رہے گا۔

پاسدارن انقلاب اسلامی فورس نے اتوار کو بھی اسرائیلی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ محرم کے مہینے میں کیے جانے والے یہ جرائم اسرائیل کو توبہ پر مجبور کر دیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی غلط فہمیوں کے نتیجے میں اسرائیل مزید تیزی سے ٹوٹے گا، جب کہ فلسطینی تنظیموں کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی عوام سمیت خطے کی تمام اقوام فلسطین کے غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ٹیگس