صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز خلیج فارس کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے، ایران
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے پڑوسی ملکوں کی سیکیورٹی کو ایران کی سیکیورٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز خلیج فارس کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ثابت ہو گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈ مرل تنگسیری نے مشہد مقدس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے ہر اس ملک کو متنبہ کیا جاتا ہے جو علاقے میں استکباری طاقتوں کی موجودگی اور مداخلت کی راہ ہموار اور انھیں اپنی سرزمین اور اڈے فراہم کررہا ہے تاکہ علاقے کی اقوام کے خلاف فوجی اتحاد تشکیل پاسکے۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سب سے پہلے خود اس ملک کو نقصان ہوگا جو سامراجی طاقتوں کو اپنی زمین اور فضا فراہم کرے گا اور پھر علاقہ عدم استحکام سے دوچار ہوجائے گا ۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وحدت اسلامی کے فروغ کے اصول کے تحفظ اور اچھی ہمسائیگی اور برادرانہ مفاہمت کے ساتھ علاقے کے تمام ملکوں میں امن و استحکام قائم ہو۔
انھوں نے کہا کہ جہاں بھی بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کا پیر پڑتا ہے وہاں فتنہ و فساد، جنگ و جارحیت اور بدامنی کے سوا اور کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا ۔