یورپی تجاویز پر ایران کا جواب دانشمندانہ ہے، جوزف بورل
یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف نے، ایٹمی معاہدے کی بحالی کے بارے میں اس یونین کی تجاویز پر ایران کے تحریری جواب کو دانشمندانہ قرار دیا ہے۔
اسپین میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف جوزف بورل کا کہنا تھا کہ ایران کا جواب امریکہ کو بھیج دیا گیا ہے لیکن ابھی تک واشنگٹن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی جواب موصول ہونے کے بعد ہمیں مذاکرات کا عمل مکمل کرنے کا موقع ملے گا اور ہم اس حوالے سے انتہائی پرامید ہیں ۔
یاد رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تہران نے ایٹمی معاہدے کی بحالی سے متعلق یورپی یونین کی تجاویز کا بروقت جواب دے دیا تھا اور اب ہم ان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہمیں فریق مقابل کی جانب سے یورپی یونین کی تجاویز کا جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جب تک یورپی یونین کو امریکہ کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوجاتا اس وقت تک ہم مذاکرات کے حالیہ دور کے نتیجہ بخش ہونے یا نہ ہونے کی بات نہیں کرسکتے ہیں۔