خبردار ہماری فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرنا، دشمن کو ایرانی فوج کا انتباہ
ایران کی ایئر ڈیفنس فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ملکی فضائی دفاع کےمیدان میں خود کفیل ہیں اور اس کے تمام تر وسائل و آلات اندرون ملک تیار کیے جارہے ہیں۔
ایرانی فوج کی ایئر ڈیفنس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے قم میں شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی دفاع کے تمام وسائل اور آلات اندرون ملک تیار کیے جارہے ہیں اور ہم اس شعبے میں پوری طرح خودکفیل ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے، حالیہ ڈرون مشقوں اور فضائی دفاع میں ڈرون طیاروں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں میں حصہ لینے والے ڈرون طیاروں نے کئی بار اپنے مشن کو وقت کے تقاضوں کے مطابق پوری کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔
ایئر ڈیفنس فورس کے کمانڈر نے بتایا کہ ڈرون مشقوں کے دوران بعض ایسی تکنیک اور اقدامات سے کام لیا گیا جو دنیا میں بے مثال ہیں اور میں پوری جرائت کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے ڈرون طیارے پوری طرح ہتھیار بند ہیں اور ملکی دفاع کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری دفاعی طاقت اس مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں دشمن ایران پر حملے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔
ایئر ڈیفینس فورس کے کمانڈر نے خبردار کیا کہ دشمن ہماری فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے کیونکہ ایک مرتبہ داخل ہونے کے بعد اس کا یہاں سے نکلنا مکمن نہیں ہوگا ۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے سربراہ جنرل کیومرث حیدری نے کہا ہے کہ ایران خطے کی ڈرون طاقت میں تبدیل ہوگیا ہے اور ہمارے پاس سات اقسام کے ڈرون طیارے موجود ہیں۔
جنرل کیومرث حیدری کا کہنا ہے کہ حالیہ ڈرون مشقوں کے دوران ہمارے لڑاکا، جاسوس، تباہ کن، نگرانی کرنے والے اور ہاتھ سےاڑائے جانے والے ڈرون طیاروں نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہر قسم کی الیکٹرانک جنگ سے بھی محفوظ رہے۔
انہوں نے حالیہ ڈرون مشقوں کے نتائج کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں میں بری، بحری، فضائی اورایئر ڈیفنس سمیت ایرانی فوج کے چاروں دستوں نے حصہ لیا۔ ان کہنا تھا کہ جنوبی ایران میں خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے گرم پانیوں سے لیکر مشرقی، مغربی، شمالی اور وسطی ایران کے وسیع علاقے میں انجام پانے والی دو روزہ ڈرون مشقوں میں ایک سو پچاس ڈرون طیارے شریک تھے جن میں جاسوسی اور ہتھیار بند دونوں قسم کے ڈرون طیارے شامل تھے۔
واضح رہے کہ ایرانی فوج کی مشترکہ ڈرون مشقیں بدھ کے روز ملک کے وسیع و عریض علاقے میں شروع ہوئیں اور جمعرات کی شام اپنے اہداف کی تکمیل کے بعد ختم ہوگئیں ۔