Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خطرات کا منہ  توڑ جواب دینا ہماری پہلی ترجیح ، ایرانی کمانڈر

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے بری فوج کی سالانہ فوجی مشقوں کے آغاز کے موقع پر کہا کہ اسرائیل کی جانب سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل غلام علی رشید نے بری فوج کی سالانہ مشقوں کے آغاز پراہم کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سلامتی کو درپیش ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ 
بریگیڈیئرجنرل رشید نے جرائم پیشہ صیہونی حکام کے بیانات اور ایران کی ایٹمی تنصیبات، مفادات اور قومی سلامتی کے خلاف انٹیلی جینس اور فوجی خطرات پیدا کرنے کے صیہونیوں کے اعترافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ایک خطرے کے طور پر صیہونی حکومت ہمارا پہلا ٹارگٹ ہے۔ 
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایران کے مفادات اور سلامتی کے خلاف صیہونی حکومت کا ہر دھمکی آمیز اقدام امریکہ کی ہم آہنگی اور حمایت سے انجام پاتا ہے لہذا ہمارا جواب بھی ٹھوس اور یقینی ہوگا اور اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے ایران کی سلامتی اور مفادات کے لیے خطرات پیدا کرنے والے اقدامات میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والے گروہوں، عناصر اور حکومتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ، انہیں اپنے اقدامات کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ 
بریگیڈیئر جنرل غلام علی رشید نے بری فوج کی مشقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج مکمل انٹیلی جینس تسلط کے ساتھ دشمن کی نقل و حرکت پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پوری طرح آمادہ ہیں۔ 
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے کہا کہ فوجی مشقوں کی منصوبہ بندی موجودہ اور آئندہ کے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے کی گئی ہے اور ہم چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے سے بڑے خطرات پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ 
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کی دو روزہ سالانہ مشقیں بدھ سے مرکزی ایران کے وسیع فوجی علاقے میں شروع ہوگئی ہیں۔
ان مشقوں میں ایران کی بری فوج کے پیادہ جوانوں کے علاوہ، بکتر بند ڈویژن ، توپ خانہ، ایئرونگ، ڈرون یونٹ، انجینئرنگ کور، ہیلی بورن، الیکٹرانک وار یونٹ اور لاجسٹک یونٹ حصہ لے رہے ہیں۔
فوجی مشقوں کے دوران فوجیوں کی ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقلی، ریپڈایکشن انجام دینے، چھاتہ بردار فوجی اتارنے ، کمبائن ملٹری کارروائی کرنے کے علاوہ بہت سی   دوسری جنگی تیکنیکوں سے کام لیا جائے گا۔

ٹیگس