Sep ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران نے  آئی اے ای اے کی رپورٹ کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا

ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام کے بارے میں آئی اے ای اے کی تازہ رپورٹ کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے، آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنر ل کی تازہ رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دیا۔
بہروز کمالوندی کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ میں کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ سیاسی بنیادوں پر لگائے جانے والے پرانے اور من گھڑت دعوؤں کا اعادہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے میں ایران کے سفیر آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ کا مدلل اور قانونی جواب دیں گے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے کہا کہ بعض عالمی ذرائع ابلاغ آئی اے ای اے میں جان بوجھ کر استعمال کیے جانے والےالفاظ کو بنیاد بنا کر، ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔
بہروز کمالوندی نے واضح کیا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کی فیکٹ چیکنگ کا پرانا نظام بحال کرنے کے لیے ایٹمی معاہدے کے رکن ممالک کو اپنے حصے کے اقدامات پر عمل کرکے دکھانا ہوگا۔
انہوں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب مغرب والے اپنے وعدے پورے نہیں کر رہے اور ایرانیوں کے خلاف ظالمانہ پابندیاں جاری ہیں تو ایسی صورتحال میں تہران سے اضافی نگرانی قبول کرنے کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ ایران میں افزودہ یورینیم کا ذخیرہ تین ہزار نوسو چالیس کلوواٹ تک پہنچ گیا ہے۔

ٹیگس