Sep ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا: صدر رئیسی

صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ تہران شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے جو ازبکستان کے دورے پر ہیں، جمعرات کو سمر قند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ژانگ منگ سے ملاقات میں سیاست، ٹیکنالوجی، اقتصاد اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی وسیع صلاحیتوں کی تفصیلات پیش کیں ۔ اس موقع پر ژانگ منگ نے بھی بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کرے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے مطابق، بدھ کے روز ایران کے وزیر خارجہ نے رکنیت کے دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔

صدر اسلامی جمہوریہ ایران سے ملاقات کے دوران ژانگ منگ نے کہا کہ ایران مغربی ایشیا کا ایک بڑا ملک ہے جس کے علاقے کے ممالک کے ساتھ تاریخی تعلقات رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ بھی ایران کے وسیع سیاسی اور تجارتی تعلقات جاری ہیں ۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی اپنے ازبک ہم منصب شوکت میرضیائف کی باضابطہ دعوت پربدھ کو سمرقند پہنچے۔ صدر رئیسی ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی سمرقند میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے بائیسویں سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

ٹیگس