دفاع مقدس کے کمانڈروں اور مجاہدوں کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات
دفاع مقدس کے زمانے کے جنگی کمانڈروں اور مجاہدوں کا ایک وفد بدھ کے روز رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرے گا۔
مغربی ممالک کی حمایت کے زیر سایہ ایران پر صدام حکومت کی مسلط کردہ جنگ کو دفاع مقدس کا نام دیا جاتا ہے۔
ہفتۂ دفاع مقدس کے آغاز اور اس کی خصوصی تقریبات کے موقع پر جنگ کے زمانے کے کمانڈروں، مجاہدوں اور شہداء کے خاندانوں کا ایک وفد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔
تہران کے حسینیہ امام خمینیؒ میں ہونے والی اس ملاقات میں شہر میں مقیم کمانڈروں، مجاہدوں اور شہداء کے خاندان شرکت کریں گے جبکہ ایران کے دیگر شہروں میں رہنے والے کمانڈر، مجاہد اور شہیدوں کے خاندان ویڈیو لنک کے ذریعے سے اس تقریب میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ شہیدوں کے خاندانوں، جنگ میں زخمی ہونے والے مجاہدوں اور دفاع مقدس کے کمانڈروں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایران میں ہر سال ہفتۂ دفاع مقدس منایا جاتا ہے۔
اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی شہداء کے اہل خانہ، کمانڈروں اور جانبازوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ شہداء کے گھر بھی تشریف لے جاتے ہیں۔