سمجھوتے کا دارومدار واشنگٹن کی نیک نیتی پر ہے، ایرانی وزیرخارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکیوں کی طرف سے ایٹمی سمجھوتے کے حصول کے تعلق سے نیک نیتی کے اظہار پر مبنی پیغامات موصول ہوئے ہیں لیکن ہم نے امریکی حکام پر واضح کردیا ہے کہ وہ ہر طرح کی نیک نیتی اور حقیقت پسندی کا ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے میں عملی مظاہرہ کریں۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نیویارک میں اپنے قیام کے دوران مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے اپنی ملاقاتوں اور مذاکرات کے موضوعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ملاقاتوں میں اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ اچھے سمجھوتے کے حصول کے لئے امریکہ کو جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ کوئی اچھا اور پائیدار سمجھوتہ طے پا سکے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی فریق نے بارہا یہاں تک کہ حال ہی میں پھر اعلان کیا ہے کہ وہ اچھے سمجھوتے کا عزم رکھتا ہے اور اس سلسلے میں سنجیدہ بھی ہے جبکہ ہم نے ان کو صراحت کے ساتھ بتا دیا ہے کہ اگر سمجھوتہ چاہتے ہو تو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نیک نیتی اور عزم و ارادے کو عملی طور پر ثابت کرو۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اسی طرح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس سال کے اجلاس کے بارے میں بھی کہا کہ اس اجلاس میں صدر ایران کی جانب سے دو ٹوک گفتگو، صراحت کلام کے انتخاب اور دنیا میں چند قطبی نظام کے قیام پر تاکید نیز یک جانبہ اور خودسرانہ اقدامات پر تنقید کو اجلاس کے شرکا نے خاص توجہ دی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی موجودہ حکومت کی متوازن پالیسی کے پیش نظر پانچوں براعظموں کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کئے جانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ دو طرفہ موضوعات پر گفتگو کے علاوہ ایران کے نقطہ نظر اور موقف پر روشنی ڈالی جا سکے۔
حسین امیر عبداللہیان نے، جو صدر مملکت کے ساتھ نیویارک کے دورے پر گئے اور اب بھی وہاں موجود ہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں میں ایران کے مو قف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
اس درمیان ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نیویارک میں مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے سلسلے کے دوران متحدہ عرب امارات، ایریٹیریا اور یوگینڈا کے وزرائے خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد سے ہونے والی ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے دوطرفہ تعلقات کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایریٹیریا کے وزیر خارجہ عثمان صالح محمد سے بھی ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بارے میں گفتگو کی۔
ایرانی وزیرخارجہ نے اماراتی وزیرخارجہ سے ملاقات میں تہران اور ابوظہبی کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں توسیع کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ نے مشترکہ تعاون کی اعلی کمیٹی کے اجلاس کے لئے تہران کی آمادگی کا بھی اعلان کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے بھی ایران اور امارات کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کی۔
یوگینڈا کے وزیر خارجہ جنرل حاجی ابوبکر اودونگو سے ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔