Sep ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران ایسا ملک نہیں جس میں کوئی بغاوت کرا سکے: امیرعبداللہیان

ایران کے وزیر خارجہ نے ملک میں بیگانہ سازشوں کے نتیجے میں ہر قسم کی بغاوت یا حکومت کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کر دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے امریکی ریڈیو این پی آر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایسا ملک نہیں ہے جس میں کوئی بغاوت اور یا انقلاب کر سکے۔ انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کوئی اہم خبر نہیں ہے اور حکومت کی تبدیلی نہیں ہوگی۔

حسین امیر عبداللہیان نے اس انٹرویو میں ایرانی نوجوان لڑکی مہسا امینی کی موت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مہسا امینی کی موت پر ہم سب کو بہت افسوس ہے تاہم انہوں نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ اس طرح کے حادثات دنیا کے ہر کونے میں ہوتے ہیں اور امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں تو اس طرح کے دسیوں واقعات رونما ہوئے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر مملکت نے اس مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور مہسا امینی کے اہلخانہ سے بات چیت کی اور ایرانی عدلیہ بھی سنجیدگی سے اس کیس کی پیروی کر رہی ہے۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم بعض افراد نے ایرانی عوام کے جذبات و احساسات سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے میڈیا اور سوشل نیٹ میڈیا کے ذریعے جن میں سے بعض لندن سے چلتے ہیں، ایرانی عوام کو پر تشدد مظاہرے کرنے پر اکسا رہے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگرد گروہ ایم کے او جن کے ہاتھ 17 ہزار ایرانی شہریوں کے خون سے رنگین ہیں، امریکہ اور بعض یورپی ممالک کے کہنے پر ایرانی قوم کو اکسانے کی کوشش میں ہیں اور اپنے دہشتگرد اور شرپسند عناصر کو ایران بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں غیر ملکی اشاروں پر چلنے والے شرپسندوں اور دہشتگردوں نے مہسا امینی کی موت سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تاہم اس بار بھی انھیں منہ کی کھانی پڑی اور ان کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکا۔

ٹیگس